سرینگر26جون(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)پمپور حملے میں شہید سی آر پی ایف جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے جموں کشمیر کی وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے آج کہا کہ اس طرح کے واقعات سے کشمیر کی’’بدنامی ‘‘ہی ہو رہی ہے اور ریاست سے بڑے سرمایہ کار اور سیاحوں دورہورہے ہیں۔وزیراعلیٰ نے سرینگر جموں قومی شاہراہ پر پمپور میں کل فوج کے قافلے پر دہشت گردانہ حملے میں شہید آٹھ جوانوں کے تابوتوں پر آج چادر عقیدت پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ صرف اپنے فرائض کی ادائیگی کر رہے سیکورٹی فورسز کے جوانوں کونشانہ بنانا قابل مذمت ہے۔محبوبہ نے نامہ نگاروں سے کہاکہ یہ روزے کا مہینہ ہے جب لوگوں کو ماضی کے گناہوں کیلئے معافی مانگنی چاہئے اور کفارہ کرنا چاہئے۔یہ وہ وقت ہے جب ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ضروری ہے کہ ہم کسی دوسرے کوتکلیف نہیں پہنچائیں۔اس طرح کے حملے میں روزی روٹی کمانے والے کو چھین کر خاندانوں کو متاثر کیا جا ہا ہے جو قابل مذمت ہے۔محبوبہ نے نامہ نگاروں سے کہاکہ اس سے کچھ حاصل نہیں کیاجاسکتا۔ہم ان کارروائیوں سے صرف کشمیراورریاست کو بدنام کر رہے ہیں۔ہم اپنے مذہب پربھی چوٹ کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد کشمیر کی سیاحت کو بھی نقصان پہنچا رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ کئی ممالک کے لوگوں نے آنا شروع کیا ہے لیکن یہ یہاں صورت حال کے بارے میں غلط اشارہ دے گا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس طرح کے حملے جموں کشمیر کو باقی ہندوستان میں ہو رہے ترقی کے اس حصے سے محروم کرتے ہیں۔